افغانستان ایک بار پھر عالمی سامراج کا قبرستان بن گیا-منور حسن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے زیر اہتمام جمعیت کے 72ویں یوم تاسیس پر دائود انجینئرنگ یونیورسٹی میں کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں کارکنوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ افغانستا ن ایک مرتبہ پھر عالمی سامراج اور سپر پاور کا قبرستان بن گیا ہے۔امریکہ اپنی شکست تسلیم کر چکا۔ہم تو شروع ہی سے اس جنگ کو اپنی نہیں امریکی جنگ کہہ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت اس اُمت اور ملک کا سرمایہ افتخار ہے، جس نے لاکھوں نوجوانوں کی سیرت و کردار کی تعمیر کی۔ان کو مقصد زندگی دیا۔ جمعیت امت مسلمہ کے لئے ایک رول ماڈل ثابت ہو کر ابھری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اوراس کے عقائد کے بارے میں جو شبہات اور ابہام پیدا کیے جا رہے ہیں۔ان کا پورے اعتماد اور استدلال سے جواب دینا چاہیے ۔موجودو حالات یہ تقاضہ کرتے ہیں کہ اسلام کو بحیثیت نظام زندگی متعارف کروایا جائے۔جماعت اسلامی کراچی کے سیکریرٹری اطلاعات زاہد عسکری نے کہا کہ ملک میں نظریاتی جنگ سے لیکر سرحدوں تک کی جنگ جمعیت کے نوجوانوں نے لڑی ہے ۔جمعیت کے جوان ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے رہے اور ہمیشہ رب کے آسرے پر اپنا سب کچھ نچھاور کرتے رہے۔ناظم جمعیت کراچی حمزہ محمد صدیقی نے کہا کہ جمعیت نے نوجوانوں کی سیرت وکردار کی تعمیر کی۔اُنہیں مقصد زندگی سے روشناس کروایا۔جمعیت کی ایک لازوال تاریخ ہے ، جس پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء اور کارکنان نے اس ملک کے نظریہ کی حفاظت کے لئے بیش بہاقربانیاں دی ہیں، جن کو آج تک یاد کیا جاتا ہے۔