ریکسر پل کے قریب فائرنگ سے 1 پولیس اہلکار جاں بحق۔دوسرا زخمی

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سولجر بازار کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔دونوں اہلکار سادہ لباس میں ملبوس تھے۔پولیس نے واقعہ کو ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دیا ہے، جبکہ پیر آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے ریکسر پل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ایک زخمی اہلکار 25 سالہ سہیل ولد ملک خان نے دم توڑ دیا، جبکہ دوسرا اہلکار فرہاد زیر علاج ہے۔ایس ایچ او سولجر بازار رافع تنولی کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔دونوں اہلکار سادہ لباس میں تھے۔مقتول اہلکار بریگیڈ تھانے میں تعینات تھا اور اسسٹنٹ کمشنر ایسٹ کا گن مین تھا، جبکہ زخمی اہلکار پاک کالونی تھانے میں تعینات ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرہاد کی ریکسر پل کے قریب پکٹ ڈیوٹی تھی اور وہ ڈیوٹی ختم ہونے سے 15 منٹ پہلے سہیل کے ساتھ تھانے سے نکل گیا تھا۔اب دونوں اہلکار مذکورہ تھانے کی حدود میں کیا کرنے گئے تھے۔اس حوالے سے بھی معلومات لی جارہی ہیں۔عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جارہے ہیں۔پولیس ذرائع نے کہا کہ دونوں اہلکار وہاں کسی سے ملنے گئے تھے اور ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ ان کی کسی سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، تاہم تمام چیزیں تفتیش کے بعد واضح ہوں گی۔واقعے کے بعد 3 تھانوں کی پولیس میں حدود کا تنازعہ بھی رہا تھا۔ دوسری جانب آئی جی کلیم امام نے واقعہ کو نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سٹی سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔ادھر پیر آباد کے علاقے بنارس پر نامعلوم ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے 24 سالہ سلیمان ولد عبدالغفار کو زخمی کردیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More