چڑیا گھر کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے مختلف اقدامات کا فیصلہ

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی چڑیا گھر کو شہریوں بالخصوص بچوں کے لئے مزید دلچسپ بنانے کے لئے مختلف اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔بیرونی دیوار کو بڑے جانوروں کی تصاویر سے مزین کیا جائے گا، جبکہ علم نباتات،حیوانات و ماحولیات کے طالب علموں کی معلومات میں اضافے کے لئے چڑیاگھر میں موجود تمام قدیم درختوں کے نام ، جانوروں اور پرندوں کے بارے میں مختلف معلومات پر مشتمل بورڈز بھی آویزاں کردیے گئے ہیں۔چڑیا کو ایسا بنایا جائے گا کہ یہاں عام افراد کے ساتھ وہ لوگ بھی آئیں، جو پہلے کبھی نہیں آئے۔یہ فیصلہ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں منصور قاضی، اسماعیل شاکر، عابدہ، ڈاکٹر عامر اسماعیل اور ضامن عباس بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سیف الرحمن نے چڑیاگھر کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف جانوروں، پرندوں اور پنجروں کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عملے کی مخصوص وردی ہونی چاہیے، جس کے لئے ایک نجی بینک سے بات بھی کرلی گئی ہے۔چڑیا گھر میں صفائی اور سیکورٹی کے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہوں نے عملے کو شاباش دی اور کہا کہ وہ شائقین کے لئے ایسے ماحول کو یقینی بنائیں کہ لوگ تحفظ کے احساس کے ساتھ تفریح حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے جانوروں کی کمی پوری کرنے کے لیے صوبائی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر چڑیا گھر منصور قاضی نے بتایا کہ چڑیا گھر میں مختلف اقسام کے 850سے زائد جانور اور پرندے موجود ہیں۔ واضح رہے کہ چڑیا گھر میں سو اور ڈیڑھ سو سال تک کے قدیم درخت موجود ہیں جن میں برگد، پیپل، نیم اور املی وغیرہ کے درخت شامل ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More