زلزلے سے بچاؤ کے اطالوی دیوتا کا مجسمہ زلزلے میں ہی تباہ

0

روم(امت نیوز)اٹلی میں جزیرہ سسلی کے علاقہ ماؤنٹ ایٹنا میں درمیانی شدت کے زلزلے میں سینیٹ امیڈیو کا مجسمہ گرکر تباہ ہو گیا ۔ماؤنٹ ایٹنا کے علاقے میں یورپ کا سب سے فعال آتش فشاں ہے جو 2 روز قبل ہی پھٹا تھا ۔اطالوی حکام کے مطابق بدھ کو رات گئے3 بج کر 18 منٹ پر 4.8 شدت کا زلزلہ آیا ۔ اس کے بعد مزید ایک ہزار جھٹکے ریکارڈ کئے گئے ۔ ان میں سے بیشتر کو لوگوں نےمحسوس ہی نہیں کیا ۔ اس زلزلے میں بھونچال سے حفاظت کیلئے سینیٹ امیڈیو کا مجسمہ زمین بوس ہو گیا جبکہ اس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور ایک ہائی وے کو بند کر دیا گیا ۔حکام کے مطابق ایک عمارت بھی منہدم ہوئی جس کے ملبے سے 2 افراد کو نکالا گیا ۔ایک معمر خاتون کی متعدد ہڈیاں ٹوٹ گئیں جبکہ 18سے زائد کو معمولی چوٹوں کی وجہ سے اسپتال لے جایا گیا ۔زلزلے کی وجہ سے سیکڑوں افراد کو رات سڑک کے کنارے ہی بسر کرنی پڑی ۔ماہرین کے مطابق 10ہزار 800فٹ بلند ماؤنٹ ایٹنا کا آتش فشاں 2700برس سے لاوا اگل رہا ہے ۔پیر کو تقریباً ایک دہائی کے بعد یہ پھٹا تھا ۔رواں برس مارچ کے آخر میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق آتش فشاں 14ملی میٹر کے حساب سے بحیرہ روم کی جانب کھسک رہا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More