قومی سطح کے شوٹنگ مقابلے پاک فوج نے جیت لیے
جہلم (اے پی پی) قومی سطح کے شوٹنگ مقابلے پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (پی اے آر اے) سنٹرل میٹ اختتام پذیر ہو گئے۔ شوٹنگ کے ان مقابلوں کا انعقاد جہلم کے قریب آرمی فائرنگ رینجز میں کیا گیا، جس میں تینوں مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس اور سویلینز کی 28ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان مقابلوں کی خصوصی بات جنگوں میں زخمی افسران اور جوانوں کی شرکت تھی، جو مختلف قسم کی معذوریوں پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں۔ پاکستان آرمی کی ٹیم سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے انٹرسروسز فائرنگ کمپیٹیشن کی چیمپئن بن گئی۔ انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن نے شوٹنگ کی ہر کیٹیگری میں جیتنے والوں اور رنرز اپ کو انعامات دیئے۔ ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی ملتان کور کے سپاہی محمد جہانزیب نے حاصل کی۔ پریذیڈنٹس کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی لیفٹیننٹ کرنل (ر) ادریس رشید کو دی گئی۔ پرائم منسٹر ”سکلز ایٹ آرمز“ بگ بور نیشنل چیلنج میچ پاک بحریہ نے جیتا۔ چیف آف آرمی سٹاف رائفل اینڈ پسٹل میچ میں پاکستان آرمی فاتح قرار پائی جبکہ ”بیسٹ شارٹ میچ ٹرافی“ جی پی۔ 2منگلا کور کے نائیک سعید کو دی گئی۔