پمزانتظامیہ نےنئےوارڈزدکھاکرکاوزیراعظم کومطمئن کردیا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پمزانتظامیہ نے وزیراعظم کونئے وارڈزکامعائنہ کرواکرمطمئن کردیا،اس موقع پر عمران خان نے بہتر انتظامات اور سہولیات کی فراہمی پر ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کے روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا اچانک دورہ کیا ۔ وزیر اعظم نے ہسپتال کے وارڈز دیکھے، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے بارے استفسار کیا اور زیر علاج مریضوں سے علاج معالجے اور دیگر سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ ترجمان وزارت قومی صحت کے مطابق وزیر اعظم نے بہتر انتظامات اور سہولیات کی فراہمی پر ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی سے متعلق ہسپتال انتظامیہ سے استفسار کیا۔ ترجمان کے مطابق زیر علاج مریضوں نے وزیر اعظم کے سامنے علاج اور دیگر سہولیات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے جن میں نیوروسرجری، آرتھوپیڈک، امراض چشم، سرجیکل آئی سی یو اور ایمرجنسی شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو معیاری علاج کی سہولیات کی فراہمی کے تسلسل کو جاری رکھا جائے۔ وزیر اعظم کےہمراہ وزیر صحت عامر کیانی، معاون خصوصی افتخار درانی، سینیٹر فیصل جاوید اور نوشیروان برکی بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اس دورے کےد وران ہسپتال انتظامیہ نے وزیر اعظم کو ہسپتال کی صرف نئی وارڈز کا دورہ کروایا، جہاں مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ہسپتال انتظامیہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے وزیر اعظم اور وزیر صحت سمیت ہسپتال کا دورہ کرنے والی تمام اہم شخصیات کو ہمیشہ ہسپتال کے نئے وارڈ کا دورہ کرواتی ہے، جہاں صفائی اور دیگر سہولیات دیگر وارڈوں سے کہیں بہتر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال کا حقیقی منظر دیکھناہو تو کسی بھی پرانی وارڈ کا دورہ کیا جانا چاہیے جہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور میں ایک بستر پر ایک سے زائد مریض موجود ہوتے ہیں۔دورے کے دوران وزیر اعظم کو لفٹ کے ذریعے ہسپتال کی مختلف منزلوں پر لے جانے کی کوشش کی گئی، تاہم وزیر اعظم نے پیدل جانے کو ترجیح دی۔