بازارحصص میں مندی سے 40ارب ڈوب گئے
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کوبھی زبردست مندی رہی اورکے ایس ای 100 انڈیکس 38ہزار، 38ہزار100 ،38ہزار 200اور37ہزار900کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے 39ارب99 کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے۔کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 17.11فیصدزائدجبکہ66.20فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،اسٹیل،توانائی اورکیمیکل سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس38ہزار460پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم ڈالرکے مقابلے میں پاکستانی روپے پر دباؤ کے باعث مقامی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظرآئے اوراپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای100انڈیکس 37ہزار710پوائنٹس کی نچلی سطح پر ٹریڈہوا،تاہم ایک بار پھر غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں خریداری کی گئی،جس کے نتیجے میں100انڈیکس کی 37ہزار800کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھاؤکاسلسلہ سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس364.50پوائنٹس کمی سے 37853.57پوائنٹس پر بندہوا۔