پولیس اہلکار کی ہلاکت منشیات فروشوں سے بھتے کا شاخسانہ نکلا – بیٹر گرفتار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گارڈن کے قریب ریکسر پل کے نیچے پولیس اہلکار کی ہلاکت منشیات فروشوں سے بھتے کا شاخسانہ نکلا۔مذکورہ سپاہی دیگر ساتھیوں کے ساتھ رشوت لینے گیا تھا، جہاں تلخ کلامی پر منشیات فروش نے فائرنگ کردی۔واقعہ کی تحقیقات کے سلسلے میں ٹیم نے سولجر بازار تھانے کے ایس ایچ او کے کمرے پر چھاپہ مارا، جہاں سے پرائیویٹ بیٹر کو گرفتار کرلیا گیا، جو مذکورہ اڈے سے ہفتہ وصول کرتا تھا۔تفصیلات کے مطابق سولجر بازار کے علاقے ریکسر پل کے نیچے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فائرنگ سے پولیس اہلکار سہیل شاہ جاں بحق ہوگیا تھا۔ایس ایچ او رافع نے بتایا کہ سہیل جو بریگیڈ تھانے میں تعینات تھا اور پاک کالونی تھانے کے 2اہلکار فرہاد اور ارشاد عرف ملنگی تینوں ریکسر پل کے قریب منشیات فروخت کرنے والی مافیا کے پاس بھتہ لینے آئے تھے، جہاں تلخ کلامی کے بعد منشیات فروش نے فائرنگ کی ، جس میں سہیل شاہ ہلاک اور فرہاد زخمی ہوگیا تھا۔دریں اثنا واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ پولیس افسر نے سولجر بازار تھانے پر چھاپہ مارکر تھانیدار کے پرائیویٹ بیٹر زاہد کو حراست میں لے لیا۔بیٹر مذکورہ اڈے سے30ہزار روپے ہفتہ رشوت وصول کرتا تھا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ منشیات کا اڈا تھانہ سولجر بازار کی سرپرستی میں کافی عرصے سے چلایا جارہا تھا۔اڈے سے 30ہزار رشوت وصول کی جارہی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کا اڈہ فیصل نامی شخص گینگ وار کے کارندے جمیل چھانگا کی سرپرستی میں چلارہا تھا۔بیٹر زاہد کی رہائش بھی فائرنگ کے وقوعہ کی جگہ کے بہت قریب ہی واقع ہے۔واضح رہے کہ زیر حراست بیٹر زاہد ماضی میں بن قاسم ٹاؤن میں تیل چوری کے مقدمہ میں گرفتار ہو چکا ہے ۔مذکورہ کارروائی کے بعد سولجر بازار تھانے کے اہلکاروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ٹیم کے چھاپے اور منشیات اڈے کی سرپرستی سے متعلق موقف کے لئے ایس ایچ او رافع تنولی سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More