ملازمین واجبات کیلئے اسٹیل مل کو 1ارب قرضہ جاری

0

کراچی (رپورٹ: ایس ایم انوار) وزارت خزانہ نے پاکستان اسٹیل مل کے مرحوم ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لئے 1ارب 6کروڑ60 لاکھ 78 ہزار روپے کا قرضہ جاری کردیا ، جس سے گریجویٹی، پراویڈنٹ فنڈز اور لیوانکیشمنٹ کی مد میں 332 مرحوم ملازمین کے واجبات کلیئر کئے جائیں گے ۔ مذکورہ رقم اسٹیل مل کے بینک اکاؤنٹ میں منگل تک منتقل ہونے کی توقع ہے ۔ بدھ 26دسمبر کو فنانس ڈویژن اسلام آباد کے ریسرچ آفیسر(CF-III) مصباح الرحمن نے ایک مکتوب نمبر No.F.3(4)/CP-III/2010-933 اکاوٴنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو (سب آفس) کراچی کو ارسال کیا ہے جس میں اس سلسلے کے 1ارب 6کروڑ60 لاکھ 78 ہزارروپے کی رقم پاکستان اسٹیل مل کو جاری کرنے کے لئے کہاگیا ہے۔ ذریعے کے مطابق مذکورہ رقم اسٹیل مل کے نیشنل بینک بن قاسم برانچ کے اکاوٴنٹ نمبر5-000003 میں منگل تک منتقل ہونے کی توقع ہے ۔ صدر مملکت کی منظوری سے جاری یہ رقم مالی سال 2018-19 کے مختص بجٹ سے بطور لون جاری کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل مل میں واجبات سے محروم مرحوم ملازمین کی تعداد ساڑھے5 سو ہے، تاہم پہلے مرحلے میں332 مرحوم ملازمین کے واجبات کلیئر کئے جائیں گے، جس میں گریجویٹی کی مد میں 42کروڑ 69لاکھ 41ہزار روپے، پراویڈنٹ فنڈز کی مد کے 54کروڑ 43لاکھ 7ہزار روپے اور لیوانکیشمنٹ کی مد کے9 کروڑ 48لاکھ 30ہزار روپے مرحوم ملازمین کی بیوہ، لواحقین کو ادا کئے جائیں گے ۔ 332 مرحوم ملازمین میں سے238 کا دوران ملازمت انتقال ہوا، جبکہ 94 کا ریٹائرڈمنٹ کے بعد انتقال ہوا ہے، باخبر ذریعے کے مطابق اسٹیل مل ملازمین کو اگلے ہفتے نومبر 2018کی تنخواہ بھی ادا کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی کمیٹی کے اجلاس میں اسٹیل مل ملازمین کے لئے جون 2019 تک کی تنخواہوں کی منظوری دی جاچکی ہے، جو ہر ماہ اسٹیل مل کی طرف سے سمری آنے پر فنانس ڈویژن سے جاری کردی گی، یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ نومبر میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اسٹیل مل کو جلد ازجلد آپریشنل بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے وزارت صنعت و پیداوار کو فوری طور پر اسٹیل مل کو چلانے کا پلان لے کر آنے کا کہا گیا تھا، لیکن اب وفاقی کابینہ کی کمیٹی میں اسٹیل مل ملازمین کی جون 2019 تک کی تنخواہ کی منظوری سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ کم ازکم مزید 6ماہ اسٹیل مل کے معاملات ایسے ہی چلتے رہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More