خیبرپختون اسمبلی نے احتساب کمیشن خاتمے کا بل منظور کرلیا
پشاور(نمائندہ امت)خیبرپختون اسمبلی نے تحریک انصاف کی ماضی کی حکومت کی جانب سے قومی احتساب بیورو کے مقابلے میں بنائے گئے صوبائی احتساب کمیشن کو ختم کرنے کی منظوری دیدی جس کے بعد احتساب کمیشن غیر موثر ہو گیا ہے ۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں صوبائی احتساب کمیشن کے خاتمے کے حوالے سے بل پیش کیا گیا جو منظور کرلیا گیا جبکہ اس حوالے سے اپوزیشن کی ترامیم مسترد کردی گئیں۔صوبائی احتساب کمیشن کو ختم کرنے سے متعلق بل کے مطابق کمیشن کے تحت جاری تمام انکوائریاں، کیس اوراثاثہ جات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو منتقل کردی گئیں جبکہ کمیشن کے ایڈ ہاک ملازمین فارغ ہوگئے اور مستقل ملازمین کوگولڈن ہینڈ شیک لینے یا سرپلس پول جانے کاآپشن دے دیا گیا۔