ویسٹ میں صندوق بند لاش۔باپ بیٹے کے قتل کے ملزمان گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ویسٹ زون پولیس نے صندوق سے ملنے والی لاش کا معمہ حل کرتے ہو ئے ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ سرجانی ٹاؤن میں باپ بیٹے کے قتل میں ملوث ایک ملزم بھی گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ویسٹ زون شوکت علی کھٹیان نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے بتایا کہ 27 دسمبر کو سرجانی کے علاقے بابو بروہی گوٹھ سیکٹر اے 7 سے ایک صندوق سے فرحان ولد عبدالرب نامی شخص کی لاش ملی تھی۔پولیس نے ایک مشتبہ شخص زبیر کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے فرحان کو 50 ہزار روپے دیے تھے جو واپس نہیں کرنے پر 26 اور 27 دسمبر کی درمیانی شب تلخ کلامی کے بعد میں نے پتھر سے اس پر وار کیے اور بعدازاں چھری کی مدد سے اس کا گلا کاٹ کر لاش صندوق میں بند کرکے رکشے میں ڈال کر سڑک کنارے پھینک دی تھی۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ چند روز قبل سرجانی میں باپ بیٹے کو گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔پولیس نے قتل میں ملوث ایک ملزم معروف سولنگی کو گرفتار کرلیا ہے، جو 4 رکنی ڈکیت گروپ کا کارندہ ہے۔ملزمان نے روکے جانے پر فائرنگ کی ، جس میں دونوں باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئےتھے۔