امریکا میں دہرے پنکھوں والاجدیدترین ہیلی کاپٹرتیار

0

واشنگٹن ڈی سی( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے دہرے پنکھوں والاجدیدترین ہیلی کاپٹرتیارکرلیا جسے انقلابی ہیلی کاپٹر ڈیزائن قرار دیا جارہا ہے۔ ہیلی کاپٹر کو ایس بی ون ڈیفائنٹ کا نام دیا گیا ہے جس کے معنی بے باک اور دلیر کے ہیں۔ یہ جدید ترین ہیلی کاپٹر کسی بھی دوسرے جدید ہیلی کاپٹر کی نسبت دگنی رفتار سے پرواز کرتا ہے اور بے حد پھرتیلا اور متحرک ہے۔ اسی بنا پر مستقبل میں یہ بلیک ہاک کی جگہ لے سکے گا۔ ہیلی کاپٹر کی تیاری اور ڈیزائننگ میں 10 برس کا عرصہ لگا ہے اور اگلے سال کے وسط تک اسے مختلف پروازوں سے گزارا جائے گا۔اس کی تیاری کے لیے امریکی افواج نے فیوچر ورٹیکل لائف ( ایف وی ایل) کے نام سے ہیلی کاپٹروں کی ڈیزائننگ کا ایک منصوبہ 2008ء میں شروع کیا تھا۔ عراق اور افغانستان میں ہیلی کاپٹروں کے دورانِ پرواز کئی حادثات کے بعد ماہرین نے تجویز پیش کی کہ پنکھوں کو نئے سرے سے بنایا جائے اور اس کے بعد یہ دہرے پنکھوں والا حیرت انگیز ہیلی کاپٹر بنایا گیا۔امریکی بوئنگ اور سِکورسکی کمپنی نے مشترکہ طور پر اسے تیار کیا ہے۔ یہ ایک غیر روایتی ہیلی کاپٹر ہے جس میں پروپلشن کے دہرے نظام کے تحت ڈبل روٹر لگے ہیں ایک عمودی (ورٹیکل) اٹھان فراہم کرتا ہے اوردوسرا پشر پروپیلر ہے جو طیارے کو آگے کی جانب تیزی سے دھکیلتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روایتی ہیلی کاپٹروں سے اس کی رفتار دگنی ہے تاہم اس کے دعووں پر بحث بھی کی جارہی ہے۔ایک ریٹائرڈ ٹیسٹ پائلٹ نے بتایا کہ سکورسکی کمپنی نے 2011ء میں ایک ایسا ہی پروجیکٹ شروع کیا تھا جسے 2017ء میں ختم کردیا گیا تھا۔ پنکھڑیوں کی تبدیل شدہ ڈیزائن والے ہیلی کاپٹروں میں خرابی یہ تھی کہ ان کی لینڈنگ سخت دھچکے دار تھی جس میں پائلٹ ہل کر رہ جاتا تھا۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر کی برق رفتاری کے دعوے پر بھی شک کا اظہار کیا۔دفاعی ماہرین نے زور دیا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر کی جسامت بالکل درست ہونی چاہیے تاکہ فوج کی کئی ضروریات کو پورا کرسکے۔ اس تناظر میں دیکھنا یہ ہے کہ اگلے سال ڈیفائنٹ ہیلی کاپٹر اپنی افادیت ثابت کرسکے گا یا نہیں تاہم دونوں کمپنیاں اس ضمن میں بہت پرامید ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More