پی آئی بی کالونی میں منشیات اڈے پر چھاپے کے دوران بم حملہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی آئی بی پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کی،جس پر ملزمان پولیس پر بم حملہ کرکے فرار ہوگئے۔دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے بھاری نفری طلب کرکے 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی بی پولیس نے پرانی سبزی منڈی کے قریب سوکھیا گوٹھ میں بدنام زمانہ منشیات فروش درویش کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کی۔اس دوران منشیات فروشوں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے دستی بم سے بھی حملہ کیا۔بم زور دار دھماکے سے پھٹنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔پولیس نے اڈے سے 2 دستی بم اور ایک مشکوک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ مزید نفری بھی طلب کرلی اور سرچ آپریشن کرتے ہوئے 7 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔