عارف علوی کی سیکورٹی کیلئے نمازیوں کوقطار میں لگا دیا گیا
کراچی(امت نیوز)نماز جمعہ کیلئےصدر ڈاکٹرعارف علوی کی بلال مسجد محمدعلی سوسائٹی آمدپرسیکورٹی اور پروٹوکول اہل علاقہ کےلئے زحمت بن گیا۔نمازیوں کومسجدجانے کیلئے طویل قطار میں کھڑا ہو نا پڑا ۔ایک ناراض شہری نے وڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کردی۔شہری کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمیں اسی تبدیلی کی توقع تھی، شکریہ عمران خان۔ دریں اثناصدر عارف علوی نے نماز جمعہ کے دوران اپنے پروٹوکول کے باعث ہونے والی تکلیف پر معافی مانگ لی۔ وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ بہادر آباد کی مسجد بلال میں نماز جمعہ ادا کی تھی،جس کے باہر لوگوں کی قطار کی تصاویر دیکھیں۔ ان تصاویر میں دیکھا کہ نمازیوں کو سیکورٹی کے مرحلے سے گزارنے کےلئے لائن میں لگایا گیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھاکہ مسجد کے باہر ایسا کچھ ہورہا ہے، ایسی نماز کا ثواب بھی ختم ہوجاتا ہے جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچنے۔صدر مملکت نے کہا کہ تکلیف پہنچنے پر اپنے ہمسایوں سے معذرت خواہ ہوں۔