پولیس اہلکار قتل کیس میں تھانیدار معطل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریکسر پل پر4 روز قبل فائرنگ سے پولیس اہلکار کی ہلاکت پر اعلی حکام نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا ،ایس ایچ او سولجر بازار رافع تنولی کو معطل کر کے ہیڈ کوارٹر طلب کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق گارڈن ریکسر پل کے قریب 4 روز قبل منشیات فروشوں سے بھتہ لینے کے دوران ان کی فائرنگ سے بریگیڈ تھانے کا اہلکار سہیل شاہ جاں بحق ہو گیا تھا ،اعلی حکام نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا ۔ذرائع نے بتایا کہ اعلی حکام نے پہلے مرحلے میں ایس ایچ او سولجر بازار رافع تنولی کو معطل کرتے ہو ئے ہیڈ کوارٹر طلب کرلیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل افسر کے کمرے سے حراست میں لیے جانے والے بیٹر زاہد کو بھی نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش کی جارہی ہے ،ذرائع نے کہا کہ تھانے کے دیگر اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی ہے ،جن کے بارے میں اطلاع ہے کہ انہوں نے واقعے کا مقدمہ غلط انداز میں درج کیا جس کی وجہ سے تفتیش کا رخ تبدیل ہو گیا تھا۔