کراچی میں دہشت گردی بیروں ملک سے کنٹرول ہورہی ہے – آئی جی سندھ

0

حیدرآباد/کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک/اسٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کلیم امام نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی اورکرائم بیرون ملک سے کنٹرول ہورہے ہیں۔ حالیہ ٹارگٹ کلنگ واقعا ت کا سراغ لگالیا۔عابدی کےقاتل بھی جلد پکڑ لئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآبا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی سندھ نے15 جنوری سے سندھ بھر میں ہیلمٹ، ڈسٹ یاسرجیکل ماسک اور پی کیپ پہنے موٹرسائیکل سواروں کیخلاف مہم چلانے کا بھی اعلان کیا اورپولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ موٹرسائیکلوں کے ساتھ اس پر سوار شہریوں کی بھی مکمل جسمانی تلاشی لی جائے۔ آئی جی کے دفتر سے جاری مکتوب کے مطابق ماضی قریب میں ہونے والے دہشت گردی واقعات میں موٹرسائیکل استعمال ہوئی ہے۔مشکوک نظر آنے والے ڈبل سواروں کو چیک کرنے کا عمل یکم جنوری سے شروع کردیا جائے گا ۔ حیدرآبا میں بات چیت کی مزید تفصیلات کے مطابق آئی جی کلیم امام نے کہا کہ علی رضا عابدی قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ،تاہم تفتیش مکمل ہونے تک تفصیل بیان نہیں کرسکتا، ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔کلیم امام کا کہنا تھا کہ کراچی میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات کے بعد مزید وی آئی پیز نے سیکورٹی کی درخواستیں دی ہیں ،ان وی آئی پیز اور ہائی پروفائل شخصیات کو سیکورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جرائم کے محرکات کے حوالے سے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ غربت اور مہنگائی جرائم کی وارداتوں میں اضافے کا اہم سبب ہے۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس نے بہت سارے منصوبے ناکام بنائے ،جبکہ دہشت گرد گرفتار بھی ہوئے، کوشش ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر پولیس کو بہتر بنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More