نیو ائیر نائٹ منانے سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی
مری(نمائندہ امت) نئے سال کی خوشیاں منانے ملک بھرسے سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی تفریحی مقامات پر میلے کاسماں ہے، جبکہ انتظامیہ اورپولیس نے شہر میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کر لیے۔تفصیلات کے مطابق حسب سابق ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاحوں نے مری کا رخ کر لیا ہے، سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ہوٹلوں ،ریسٹورنٹس اور دکانوں پر سیاح خریداری کرتے نظر آ رہے ہیں جبکہ منچلے بھی اپنی طرز پر نیو ائیر نائٹ منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ مال روڈ سمیت تمام سیاحتی مراکز پر سیاحوں کا رش دیکھا جا رہا ہے ۔نیو ائیر نائٹ پر سیاحوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی ،ٹریفک کی روانی اور دیگرسہولیات کی فراہمی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر مری امتیاز احمد خان کھچی، اے ایس پی مری فریال فرید ، ایس ایچ او مری راجہ صبور اورسٹی ٹریفک پولیس نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ اے سی مری نے تمام اداروں کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ ہائی وے مری کو بھی برفباری ہونے کی صورت میں اپنی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ میونسپل کارپوریشن مری میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جو 24گھنٹے کام کرے گا اور شکایات کے ازالہ کیلئے فوری اقدامات کئے جائینگے۔ادھر محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ مری اور گلیات میں کسی وقت بھی برفباری کا آغاز ہوسکتا ہے۔