ایک فرد یا جماعت کا نہیں سب کا احتساب چاہتے -سراج الحق
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت میں بھی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لوگ شامل ہیں جو لوٹ مار کے نظام کا حصہ رہے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، ہوا بھی سرد ہے اور لوگوں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ اور گیس کی عدم فراہمی سے سب پریشان ہیں۔ای سی ایل میں نام ڈالنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے ہیں تو پھر سب کے ڈالے جائیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم کسی ایک فرد یا جماعت کا نہیں، سب کا احتساب چاہتے ہیں، جب سب کا احتساب ہو گا تو اس پر کوئی اعتراض نہیں کر سکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک سے لوٹے ہوئے375ارب ڈالر واپس آجائیں تو کسی سے خیرات کی ضرورت نہ رہے۔تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں کوئی ہنگامی صورتحال نہیں مگر پھر بھی روزانہ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ ابھی تک تبدیلی کا کوئی نام و نشان نہیں ہے، تبدیلی صرف ٹیکسوں اور مہنگائی میں اضافہ میں آئی ہے۔