عمران اپنی ناکامی کا نزلہ سندھ پر گرانا چاہتے ہیں – فضل الرحمن

0

سکھر (نمائندہ امت) مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ عمران اپنی ناکامی کا نزلہ سندھ پر گرانا چاہتے ہیں ۔شکست خوردہ امریکہ طالبان سے مذاکرات پر مجبور ہے ۔ حکومتی کردار پاکستان کیلئے نقصان دہ ہوسکتاہے ۔ تفصیلات کے مطابق جے یوآئی کے سربراہ ایم ایم اے کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ امریکہ افغانستان میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔ اپنی عزت بچانے کے لئے طالبان سے مذاکرات کرنے پر مجبور ہے ۔ وہ وہاں سے اپنی عزت سے واپسی کے لئے طالبان سے معاہدے کا خواہاں ہے ۔ حکومت شاہ سے بڑھ کر شاہ کے وفادار کردار اداکررہی ہے ، جو پاکستان کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے ۔ عمران خان اپنی ناکامی کا نزلہ سندھ پر گرانا چاہتا ہے ۔تبدیلی صرف سندھ میں نہیں پورے ملک میں آئیگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں رہا ۔ اس لئے حکومت سے دور رہے تو بہتر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چین ہمارا مخلص دوست ہے ۔ امریکہ اس سے دورکرنے کی سازش کررہا ہے اور مذموم مقاصد کیلئے خطے میں عدم استحکام پیدا کیاجارہا ہے موجودہ حکمراں امریکہ کے سہولت کار بن چکے ہیں ،مگر ہم نہ موجودہ حکومت کو تسلیم کرتے ہیں ، نہ اس کی امریکہ و مغرب نواز پالیسیوں کو تسلیم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مخوص ایجنڈے کے تحت پی ٹی آئی کو جعلی مینڈیٹ دیے کر اقتدار میں لایا گیا اور دھاندلیوں کے ذریعے ہمیں ایوان سے باہر رکھاگیا ۔150سے زائد ہماری جیتی ہوئی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں ہم سے چھین لی گئیں ، حکومت غلط فہمی کا شکار ہے کہ وہ ہمیں پارلیمنٹ سے باہر رکھ کر اپنے آقاؤں کے ایجنڈے کی تکمیل کرسکتی ہے ۔ ہم عوامی طاقت سے ختم نبوت ، دینی مدارس اور ملک کے ا سلامی تشخص کا تحفظ کرینگے ، یہودی ایجنڈے لے کر آنیو الے حکمرانوں کو واپس سمندر پار بھاگنے پر مجبور کردینگے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت خود کرپشن کی پیداوار ہے ۔ وہ کرپشن کی آڑ میں ملک میں انتشار پیدا کررہی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ عمران خان وہ شخص ہیں جس نے بھی اس کے ساتھ بھلائی کی ۔ وہ اس کے گلے پڑگیا ۔ ان کا وزیر اعظم بننا ملک اور قوم کیلئے بدقسمتی ہے ۔ قوم ملک کی سلامتی کے لئے دعا کرے ۔ جے یو آئی کے سربراہ کا کہناتھا کہ پاکستان کے عوام آج بھی ہمارے ساتھ ہیں ہمارے جلسوں میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت کرنا حکمرانوں ح پر عدم اعتماد کا اظہار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا پر سنسر لگانے سے ہماری آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ انشا اللہ ڈیرا اسماعیل خان کے عوام بھی 27جنوری کے ملین مارچ میں بھر پور شرکت کرکے جعلی اور یہودی ایجنٹوں کی حکومت کو مسترد کردینگے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پہلے ہی حکومت کے خلاف سڑکوں پر ہیں اگر پی پی پی اور ن لیگ بھی سڑکوں پر آتے ہیں تو ہم ان کا خیر مقدم کرینگے ۔ انہو ں نے کہاکہ جعلی حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں اگر تمام اپوزیشن قیادت کو گرفتار بھی کیاجائے تو بھی یہ حکومت زیادہ دیر چل نہیں سکتی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More