ملک کے بیشتر علاقوں میں کل سے بارش اور برف باری کی پیشنگوئی
اسلام آباد (اے پی پی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں (کل) منگل 3 جنوری سے بارش اور برف باری کی پیشنگوئی کی ہے اور کہا ہے کہ یہ لہر دو روز تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے ترجمان نے بتایاہے کہ کوئٹہ، ژوب، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر پہاڑوں پر بارش کے ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے جبکہ پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہو گی۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ بارش سے دھند کی صورتحال کا خاتمہ ہو جائے گا جو اس وقت پنجاب، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن کے میدانی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہے۔