وزیراعلیٰ سندھ کو ہٹانے کی باتیں صرف خبروں تک ہیں- ناصر شاہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک/ایجنسیاں) سندھ کے صوبائی وزیر ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہٹانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ اپنے عہدے پر موجود رہیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ فارورڈ بلاک کی باتیں بے بنیاد ہیں، تحریک انصاف کے لوگ اپنی قیادت سے نالاں ہیں، ہماری قیادت اجازت دے تو ہم سندھ میں بڑا اپ سیٹ کر سکتے ہیں۔سید ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کو قیادت کا 100 فیصد اعتماد حاصل ہے۔ عدالت میں جوابات جمع ہونگے تو یہ جھوٹے ثابت ہونگے۔ جنہوں نے رپورٹ پیش کی وہ خود بھی پریشان ہیں کیونکہ کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مانگے تانگے کی حکومت ہے۔ ای سی ایل میں قیادت کے نام ڈالنے کا مقصد سندھ میں ترقی کا سفر روکنا ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پانچ مہینوں کے دوران حکومتی کارکردگی نے ثابت کردیا کہ تحریک انصاف تباہی کا نام ہے، باتیں بہت کرلیں یہ تھوڑا کام کرلیں ورنہ لوگ انہیں جوتے ماریں گے۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک کی باتیں دس گیارہ سال سے چل رہی ہیں لیکن وقت نے ثابت کیا کوئی ایم پی اے پیپلز پارٹی کی قیادت کو چھوڑ کر نہیں گیا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت ہماری رہے گی، فارورڈ بلاک کی باتیں بالکل غلط ہیں، ایسی باتیں کرنے والے سوچیں وفاق میں ان کی حکومت صرف 4ایم این ایز پر ہے اور اگر یہ چار ایم این ایز ادھر ادھر ہوجائیں تو ان کا وزیراعظم بچ نہیں پائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نادان دوستوں کو شہید بھٹو کے آئین کو پڑھنا چاہیے، یہ ایک بار آئین پڑھ لیں تو غیر آئینی فرمائشیں نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف یہ کارروائی پہلی بار نہیں ہورہی، ہمارا ماضی ایسی کارروائیوں سے بھرا پڑا ہے، ہم ان کی کارروائیوں سے ڈر کر بھاگے نہیں اور ہر کیس میں ہماری لیڈر شپ کو باعزت بری کیا گیا۔