واشنگٹن (امت نیوز) شمالی و مغربی امریکہ میں برف باری اور سیلاب نے تباہی مچا دی، جہاں مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 5 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست کنساس، شمالی و جنوبی ڈکوٹا، منی سوٹا اور آئیووا میں شدید برف باری سے کاروبار زندگی معطل اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے، جبکہ کئی ہائی ویز بھی بند کر دی گئی ہیں۔ خراب موسم کے باعث 500پروازیں منسوخ جبکہ ہزاروں تاخیر کا شکار ہیں اور مسافر ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ٹیکساس، نیو میکسیکو، ایری زونا اور کولاراڈو میں بھی برف کا راج ہے،جبکہ خون جما دینے والی سرد ہواؤں نے حالات مزید خراب کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب لوزیانا، نیو جرسی اور مسی سپی میں بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے، مختلف علاقوں میں 5کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، کئی علاقوں میں ایمرجنسی لگا کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں ،جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔