سڑکوں-ساحل سمندر پر طوفان بدتمیزی- ہوائی فائرنگ -20زخمی

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)2018کی آخری رات 12بجتے ہی شہرکے مختلف علاقے ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے دھماکوں سے گونج اٹھے ۔اندھی گولیاں لگنے اور پٹاخہ ہاتھ میں پھٹنے سے 7 سالہ بچی سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔منچلوں کی بڑی تعداد موٹر سائیکلوں پرسڑکوں پر کرتب دکھانے کےساتھ ون وہیلنگ کرتی رہی ،ساحل سمندر پر بھی طوفان بدتمیزی برپا رہا۔فائیو اسٹارچورنگی پرآتشبازی کرنے والے نوجوانوں پرلاٹھی چارج کے بعد پولیس نے ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو رات کے 12بجتے ہی لانڈھی،کورنگی ،ملیر،شاہ فیصل کالونی ،نیو کراچی ،سرجانی ،نارتھ کراچی ،جمشید کوارٹرز ،لیاقت آباد،نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد،گلشن اقبال،گلستان جو ہر ،اورنگی ٹاؤن ،بلدیہ ٹاؤن ،ڈیفنس، عائشہ منزل ، کینٹ اسٹیشن ، سولجر بازار ، فیروز آباد ، رنچھوڑ لائن ، ایئر پورٹ ، فیڈرل بی ایریا اور پرانی سبزی منڈی سمیت دیگر علاقے فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھے ،پولیس اور رینجرز حکام کی جانب سے احکامات دیئے گئے تھے کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی تاہم شہرکے پوش علاقوں میں کھلے عام اسلحے کی نمائش کی جاتی رہی اور مختلف علاقوں میں شہریوں نے پابندی کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہو ئے گھروں کی چھتوں سے چھوٹے اور بڑے اسلحے سے بھرپور ہوائی فائرنگ کی۔ اندھی گولیاں لگنے سےشارع نورجہاں کے علاقے ڈی سلوٹاؤن میں نویداورنارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں نعمان، لیاقت آباد جھنڈا چوک پر وسیم، عائشہ منزل میں نیاز اورسات سالہ بچی شفیقہ زخمی ہوئے،فیروزآباد کے علاقے طارق روڈ اللہ والی چورنگی کے قریب فائرنگ سے شہری محسن زخمی ہوا، نیپئر کے علاقے رنچھوڑ لائن میں اندھی گولی لگنے سے دین محمد زخمی ہوا،شاہ فیصل کالونی کے محمدی چوک پر ہونے والی فائرنگ سے نوجوان وقار احمد زخمی ہوا،بلدیہ ٹاؤن دہلی کالونی میں پٹاخہ پھٹنے سے ایک شخص فرحان زخمی ہوا۔پولیس کنٹرول سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں ہوائی فائرنگ سے 6 افراد ، سول اسپتا ل میں تین ،اور جناح اسپتال میں اب تک تین زخمیوں کو لایا گیا ہے، جبکہ کچھ زخمیوں کو پرائیوٹ اسپتال لگایا گیا تھا جہاں سے طبی امداد کے زخمی اپنے گھروں کو چلے گئے ، رات گئے تک ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والے زخمیوں کو اسپتال لایا جارہا تھا ۔سال نو کا جشن منانے کے لیے منچلے بھی پیچھے نہ رہے اور موٹر سائیکلوں پر ٹولیوں کی شکل میں 12بجنے سے قبل ہی نمودار ہو گئے اور 12بجتے ہی سڑکوں پر خطرناک کرتب دکھانے کے ساتھ ون وہیلنگ کرتے رہے اور پولیس اہلکار خاموشی سے موت کا کھیل دیکھتے رہے ،ساحل سمندر پر جانے کی پابندی وزیر اعلی سندھ کی جانب سے اٹھائے جانے کے اعلان کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد 12بجنے سے قبل ہی سی ویو پہنچ گئی جہاں پر رات بجتے ہی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ہارن بجا کر ڈھول کی تھاپ اور گاڑیوں میں موجود سائونڈ سسٹم کے میوزک پر رقص کرتے رہے اس دوران بعض نوجوان باجے بھی اپنے ہمراہ لائے تھے ،مختلف سڑکوں پر منچلوں نے چورنگیوں اور سگنلز پر گاڑیاں روک دیں اور 12بجتے ہی میوزک اور ہارن بجا کر خوب رقص کیا اس دوران بعض علاقوں میں بھرپور آتش بازی بھی کی گئی جس سے اطراف کے علاقوں مین ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی جانب سے دو دریا پرنئے سال کی خوشی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اس دوران لوگوں کی کثیر تعداد وہاں جمع ہوگئی اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاہم کچھ مقامات پر بدمزگی کے واقعات دیکھنے میں آئے۔ سی ویو اور اسکے اطراف میں عوام کے کثیر تعداد میں جمع ہونے کے باعث ان علاقوں میں ٹریفک کی صورتحال بری طرح متاثر ہوئی اور ٹریفک جام ہوگیا جبکہ دوسری جانب مزید لوگوں کے وہاں جانے کے باعث بیشتر مقامات پر ٹریفک پولیس کو سڑکوں کو بند کرنا پڑا۔شہر کے دیگر مقامات پر شہریوں کی کثیر تعداد میں سڑکوں پر نکل آنے کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی، شہریو ں کا کہنا تھا کہ ہمیں تو کافی دیر تک یہی صحیح سے نہیں پتہ تھا کہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے یا نہین کبھی اس پ پابندی عائد کردی گئی اور کبھی اس کو واپس لے لیا گیا جس سے لوگوں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں پولیس حکام کے دعووں کے باوجود شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جبکہ پولیس افسران کی جانب سے ماضی کی طرح نیو ائیر کے سلسلے میں بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے دعوے کیے گئے تھے۔فائیو استار چورنگی پر آتشبازی اور نوجوان کی جانب سے موسیقی بجا کر رقص کیا جارہا تھا کہ اس دوران پولیس کی جانب سے وہاں وجود افراد کو آتشبازی کرنے سے روکا گیا جس پر نوجوانوں نے آگے جاکر آتشبازی کی۔بارہا منع کرنے پر جب آتشبازی کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو پولیس نے لاٹھی چارج کردیا جس سے بھگدڑ مچ گئی۔اطلاعات کے مطابق بعض افراد بھاگتے ہوئے قریب کھلے نالے میں گر کر زخمی ہوگئے جبکہ پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا، واقعے کے باعث فائیو اسٹار چورنگی اور اسکے اطراف میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا جبکہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی اور ٹریفک کو بحال کرانے کی کوشش شروع کردی گئیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More