ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں مولانا رشید اشرف سپرد خاک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس کی امتحانی و نصابی کمیٹی کے رکن، جامعہ دارالعلوم کراچی کے استاد الحدیث مولانا رشید اشرف کو اپنے نانا مفتی اعظم مفتی محمد شفیع اور والد مولانا نور احمد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ مفتی محمد رفیع عثمانی نے پڑھائی، جس میں ہزاروں علما اور طلبہ سمیت مذہبی سماجی شخصیات نے شرکت کی۔وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈی نیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق مولانا رشید اشرف کے ماموں مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا ولی رازی، وفاق المدارس کے مولانا امداداللہ یوسف زئی، مولانا ڈاکٹر سعید اسکندر، مولانا قاری حق نواز، مولانا عبدالرزاق، مفتی اکرام الرحمن، مولانا ابراہیم سکھرگاھی، مولانا قاری زبیر احمد،مولانا انور بدخشانی، مولانا محمد زیب، مولانا محمد شفیع چترالی،مولانا عبیداللہ خالد، مفتی انس عادل، مولانا ارشاد احمد،مولانا حسین احمد،جے یوآئی کے قاری محمد عثمان، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی کے امیر مولانا اعجاز مصطفی، مجلس علما کراچی کے مولانا ڈاکٹر قاسم محمود، مفتی زبیر حق نواز، مولانا قاسم عبداللہ، مولانا نورالبشر سمیت سیکڑوں مدارس کے ذمہ داران و آئمہ مساجد نے جنازے اور تدفین میں شرکت کی۔دریں اثنا مرحوم کے بیٹوں مولانا طیب اشرف، محمد طاہر اشرف، مامون الرشید اشرف،بھائیوں و دیگر افراد سے دارالعلوم کراچی کے ناظم تعلیمات مولانا راحت علی ہاشمی و دیگر اساتذہ سے تعزیت کی۔وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا انوار الحق حقانی، مولانا محمد حنیف جالندھری و دیگر ذمہ داروں نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔