عملے پر تشدد کے بعد بھٹ شاہ میں تجاوزات آپریشن بند

0

بھٹ شاہ (نامہ نگار) بھٹ شاہ میں سپریم کورٹ کے حکم پر سرکاری زمین پر قائم تجاوزات اور قبضے کیخلاف انتظامیہ کا آپریشن ریونیو عملے پر تشدد اور بااثر افراد کی مداخلت پر بند کر دیا گیا۔ ایس ڈی ایم کا کہنا ہے کہ سرکاری پیمائش کے بعد رینجرز کی مدد سے دوبارہ آپریشن کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق بھٹ شاہ میں سپریم کورٹ اور کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کے حکم پر ایس ڈی ایم ہالا غلام شبیر رند،ڈی ایس پی ہالاغلام سرور ببر، مختار کار ہالا نصراللہ چاوڑ، ٹاؤن آفیسر بھٹ شاہ نور علی انڑ، ایس ایچ او بھٹ شاہ کرم علی عمرانی نے ٹاؤن کمیٹی ریونیو اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ محکمہ ثقافت و سیاحت، ٹاؤن کمیٹی، روڈ کھاتہ، اسپورٹس کھاتہ، سندھ اسمال انڈسٹری کی سرکاری زمین پرقائم تجاوزات اور قبضے کے خلاف اسٹیشن روڈ، اللہ والا چوک اور کراڑ جھیل کے مقامات پر آپریشن کیا، چند تجاوزات اور قبضے ختم کئے گئے۔ تاہم اس دوران بعض دکانداروں نے ریونیو عملے پر تشدد کیا۔ اور دکاندار ایسوسی ایشن کے عہدیدار کونسلر لالا خیر محمد راہو، ماسٹر سرور راجپوت نے آپریشن پر اعتراض کیا۔ ذرائع کے مطابق بااثر شخصیت کے حمایت یافتہ افراد عطا شاہانی،ماسٹر ڈھول عمرانی نے اسٹیشن روڈ اور اللہ والا چوک پر آپریشن بند کروا دیا اور انتظامیہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ آپریشن کے دوران انتظامیہ دنکاندار اور شہریوں میں بھی تلخ کلامی بھی ہوتی رہی بااثر افراد کی دھمکیوں کے بعد انتظامیہ نے سرکاری زمین پر قائم تجاوزات اور قبضے کے خلاف آپریشن عارضی طور پر بند کر دیا، ایس ڈی ایم ہالا غلام شبیر رند نے بتایا کہ سپریم کورٹ اور کمشنر کے حکم پر تجاوزات اور قبضے کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے سرکاری پیمائش کے بعد دوبارہ رکیرین اور رینجرز کی مدد سے آپریشن کیا جائیگا سرکاری کام میں مداخلت کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور اعلیٰ حکام کو ان بااثر افراد کے نام ارسال کئے جائینگے جو سرکاری زمین پر قائم تجاوزات اور قبضہ ختم کرانے میں رکاوٹ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More