بابر مارکیٹ -فیروز آباد شادی ہال اور دکانیں گرادی گئیں

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد تجاوزات عملے نے ضلع شرقی میں 2شادی ہالوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 11 سے زائدتجاوزات مسمار کردیں۔ تفصیلات کے مطابق انسداد تجاوزات عملے نے منگل کے روز ضلع شرقی فیروز آباد تھانے کی حدود میں یونین کلب کے دفتر میں موجود ایک بینکوئیٹ اور 2لان کے خلاف کارروائی کرکے ان کو مسمار کردیا۔ مذکورہ کارروائی میں ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی،ڈپٹی ڈائریکٹر امین لاکھانی،اسسٹنٹ کمشنر سمیت علاقہ پولیس بھی موجود تھی۔ مذکورہ شادی ہالز رفاہی پلاٹ کی اراضی پر تعمیر کیے گئے تھے ، جن کو انکروچمنٹ عملے نے مسمار کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع شرقی امین لاکھانی نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ مذکورہ شادی ہالز گزشتہ7برسوں سے رفاہی اراضی پر قائم تھے۔ یونین کلب میں موجود شادی ہالز یونین کمیٹی نے کرائے پر دے رکھے تھے۔ دوسری کارروائی ضلع کورنگی میں کی گئی۔ انسداد تجاوزات عملے نے لانڈھی بابر مارکیٹ میں کارروائی کرکے 5دکانیں مسمار کردی۔ لانڈھی ساڑھے تین نمبر پر بھی انسداد تجاوزات عملے نے فٹ پاتھ پر بنی چھوٹی بڑی 3سے زائد دکانیں مسمار کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع کورنگی عتیق خان نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ بابر مارکیٹ میں دکانداروں نے غیر قانونی دکانیں تعمیر کروارکھی تھی جن کو مسمار کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More