ویتنام نے سوشل میڈیا کی چولیں کس دیں
نیو سٹی(امت نیوز) ویتنام نے داخلی سیکورٹی اور استحکام کیلئے سوشل میڈیا کی چولیں کسنے کا اعلان کیا ہے۔ فیس بک اور گوگل پر نئی پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں، جس کے تحت یہ کمیٹیاں اس مواد کو ہٹانے کا پابند ہوں گی، جو ویتنام حکومت کیہے گی اس کے علاوہ انہیں سوشل میڈیا استعمال کرنیوالے کی تفصیل بھی دینا ہوگی۔ منگل سے نافذ ہونے والے سائبر سیکورٹی قانون کے مطابق گوگل اور فیس بک کو ویتنام میں دفاتر کھولنے ہونگے، جو ویتنامی حکومت کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ امریکہ اور یورپی یونین نے نئے قوانین پر تشویش کا اظہار کیا ہے، تاہم ویتنام نے تنقید مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ سائبر حملوں اور دشمن فورسز کے عزائم ناکام بنانے کیلئے نئے قوانین ضروری ہیں۔ سوشل میڈیا کو تشدد اور نفرتیں بڑھانے کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔