جنرل راحیل کی سعودیہ میں پاکستانی مزدوروں سے ملاقات کی وڈیووائرل
ریاض (امت نیوز) نئے سال کے پہلے روز پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی پاکستانی مزدوروں کیساتھ ملاقات کی وڈیو منظرعام پر آ گئی ہے جس پر وہ ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔اس وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنرل (ر) راحیل شریف سعودی عرب کے کسی علاقے میں پاکستان مزدوروں کو دیکھ کر اپنی گاڑی روک لیتے ہیں اور باہر نکل کر ان سے ملاقات کرتے ہیں۔ جنرل (ر) راحیل کو دیکھتے ہی پاکستانی مزدور بھی خوشی سے نہال ہو جاتے ہیں اور ان کا بھرپور استقبال کرتے ہیں،اس موقع پر جنرل راحیل نے فرداً فرداً سب سے مصافحہ کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ وڈیو نئی ہے یا پرانی، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا البتہ اس سے قبل یہ وڈیو نہیں دیکھی گئی اس لئے قوی امکان ہے کہ یہ حال ہی میں بنائی گئی اور اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔