چیئرمین نیب پلی بارگین کے دفاع میں بول پڑے
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاہےکہ پلی بارگین پر بہت سے لوگ تنقید کرتے ہیں اور اگر پلی بارگین نہ ہوتا تو جو رقم آج تک ریکور کی گئی ہے پاکستان کا کوئی ادارہ واپس نہيں لاسکتا تھا۔نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی، بدعنوان عناصر تمام برائیوں کی جڑ اور ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، کرپشن کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔جاوید اقبال نے کہا کہ کی نیب موجودہ قیادت نے میگا کرپشن کیسز کو الماریوں سے نکالا، ان کیسز کو میرٹ اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ نیب کے خلاف منظم اور جارحانہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، نیب پر تنقید کرنے والوں کو آئین و قانون اور نیب لاء کا علم ہی نہیں، سپریم کورٹ اس قانون کی تمام جزئیات کا جائزہ لے چکی ہے، سپریم کورٹ نے نیب قانون کو نہ غیر آئینی کہا اور نہ ڈریکونین لاء کہا۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہاکہ پلی بارگین پر بہت سے لوگ تنقید کرتے ہیں اگر پلی بارگین نہ ہوتا تو جو رقم آج تک ریکور کی گئی ہے پاکستان کا کوئی ادارہ واپس نہيں لاسکتا تھا۔