ایئرپورٹ فلائی اوور پر آباد کے ’’ویلکم کراچی‘‘ بورڈ کا افتتاح
کراچی(بزنس رپورٹر)کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کراچی کو خوبصورت بنانے کی مہم کے سلسلے میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز( آباد) کی جانب سے ایئرپورٹ فلائی اوور پرنصب کیے گئے ویلکم کراچی بورڈ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین انور داؤد،وائس چیئرمین عبدالکریم آڈھیا،محمد شاہد خیری،راحیل رنچ، ڈپٹی کمشنر ملیر شہزاد فضل عباسی،اسسٹنٹ کمشر ون ملیر شجاعت حسین اور آباد کے ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ صاف ستھرا کراچی مہم کے سلسلے میں آباد کے ساتھ شراکت داری کا آغاز کردیا ہے ۔ویلکم بورڈ لگانے کا مقصد کراچی آنے والوں پر ظاہر کرنا ہے کہ کراچی ایک بین الاقوامی،تاریخی اور خوبصورت شہر ہے۔کمشنر افتخار شلوانی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں فٹ پاتھوں، پارکوں، چوراہوں اور اونچی عمارتوں پر خوبصورتی کے لیے کام کیا جائے گا۔آباد کا کراچی کی خوبصورتی سے گہرا تعلق ہے۔سپریم کورٹ نے بھی کراچی کو خوبصورت بنانے کی ہدایت کی ہے۔سپریم کورٹ کے احکام کی روشنی میں جلد کراچی میں سرکلر ریلوے چلائیں گے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوبصورت مقامات کی حفاظت اور کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔انور داؤد نے کہا کہ آباد نے شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے کمشنر کراچی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کیا ہے۔آباد شارع فیصل کو خوبصورت بنانے کے لیے پلانٹیشن، برجز پر بورڈز اور بیوٹی فیکیشن کے کاموں میں بھرپور حصہ لے گی۔آباد غیر ملکیوں اور سیاحوں کو کراچی آمد پر شہر کے مثبت تاثر کو ابھارنا چاہتی ہے۔اس سے قبل آباد نے کشمیر روڈ کی تزئین وآرائش اور یاسین آباد کو خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آباد کراچی شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لیے کراچی چیمبر سمیت دیگر نمائندہ تنظیموں کو بھی راغب کرے گی۔