ایدھی فاؤنڈیشن کی اراضی واگزار کرانے کیلئے آپریشن پھر ملتوی
حیدرآباد(بیورو رپورٹ)ایدھی فاؤنڈ یشن کی قیمتی اراضی وا گزار کرانے کےلئے انسدادتجاوزات آپریشن دوسری بار ملتوی کر دیا گیا، قابضین کو48گھنٹے کی مہلت، انسداد تجاوزات سیل بلدیہ کا عملہ کئی گھنٹے کارروائی کےلئے افسران کے حکم کا منتظر رہا،عملے کوسیکورٹی فراہم کےلئے پہنچنے والی پولیس کی خصوصی ٹیم افسران کو آگاہ کئے بغیر چلی گئی،سندھ ہائیکورٹ نے ایدھی فاؤنڈیشن کی 16 ہزار اسکوائرفٹ سے زائداراضی وا گزار کرانے اور قابضین پر فی کس دولاکھ روپے جرمانہ کرنے کے احکامات دئیے تھے، قابضین کو سندھ حکومت کی اہم شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید اعجاز علی شاہ کے احکامات پرایدھی فاؤنڈیشن کی قیمتی اراضی وا گزارنے کےلئے انسداد تجاوزات آپریشن دوروز کے لئے ملتوی کردیا گیا،بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے انسداد تجاوزات سیل کا عملہ ڈائریکٹر توحیداحمد اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر شکیل احمد کی سرکردگی میں کئی گھنٹے انتظار کرتارہا،سندھ ہائیکورٹ نے 28اپریل 2018کولطیف آباد یونٹ نمبر7مکرانی محلے آٹو بھان روڈ ایدھی فاؤنڈیشن کی 16ہزار اسکوائرفٹ سے زائد اراضی قابضین سے واگزار کرانے اورتجاوزات ختم کرنے اورقابضین پر فی کس دولاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا تھامگر8ماہ سے زائدعرصہ گزرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کراسکیں ہیں ،ضلعی انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرنے کےلئے رواں ہفتے میں دوبار آپریشن کی منصوبہ بندی کی گئی مگر ایدھی فاؤنڈیشن کی اراضی وا گزار نہیں کرائی جاسکی۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بدھ کی کاروائی کے لئے تمام تیاریاں کی گئی تھیں،اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد عبدالقادرغلام شر کی قیادت میں بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل اورلینڈڈپارٹمنٹ کاعملہ ،پولیس کی بھاری نفری کارروائی کےلئے پہنچی جس کے بعد بعض قابضین اور اسسٹنٹ کمشنر کے درمیان بات چیت کے بعد اسسٹنٹ کمشنرنے بلدیہ عملے کوبتایا کہ تجاوزات کی نشاہدہی کےلئے لینڈڈپارٹمنٹ کے عملے کو بلایا جائے اسی دوران اچانک پولیس افسران واہلکار کسی کو اطلاع دیئے بغیر وہاں سے روانہ ہوگئے، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد نے بلدیہ عملے کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر صاحب نے قابضین کو ایدھی فاؤنڈیشن کی اراضی سے قبضہ ختم کرنے کے لئے دو روز کی مہلت دی ہے جس کے بعد کاروائی کی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی اراضی پر قابض افراد کو سندھ کی حکمران جماعت کی اہم شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے اوربدھ کو بھی کاروائی سیاسی دباؤ پر ملتوی کئے جانے کی اطلاعات ہیں ،یاد رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ مرحوم عبدالستارایدھی کی قبضہ شدہ اراضی پر مردہ خانہ اورغریب اورمستحق افراد کےلئے کمپیوٹرانسٹیٹیوٹ قائم کرنے کی خواہش تھی۔