تعطیلات مئی سے ہونگی – میٹرک – انٹر پرچے کھلے میدانوں میں لینے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اسکولز کے امتحانات 20 مارچ سے 30 اپریل تک اور اس کے فوراً بعد یکم مئی سے 30 جون تک گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی ،جبکہ آئندہ تعلیمی سال یکم جولائی سے شروع ہوگا۔ نقل کی روک تھام کے لئے آئندہ میٹرک اور انٹر کے پرچےکلاس رومز کے بجائے کھلے میدانوں میں لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔بدھ کو وزیرتعلیم سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام اسکولز و کالجز میں کشمیر ڈے ،یوم پاکستان ،یوم آزادی ،11ستمبر ،یوم شاہ عبدالطیف ،عید میلا دالنبی کی چھٹیاں ختم کرکے اس روز طلبہ کو اسکول بلا کر خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔اجلاس میں امتحانات میں نصابی کتابوں سے 100 فیصد کاپی کئے گئے سوالات دینے کے بجائے تنقیدی جائزے والے سوالات دینے اور رٹا لگانے اور امتحانات میں نقل کرنے کی حوصلہ شکنی اور خاتمے کے حوالے سے بحث کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ 2020 کے تعلیمی سال سے امتحانات میں زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے پر عملدرآمد کیا جائیگا اور اس حوالے سے او ایم آر سسٹم اور سوالات کا ڈیٹا بینک تشکیل دینے کے حوالے سے بھی آئندہ اجلاس میں پالیسی مرتب کی جائیگی۔اسٹیرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جہاں تک ممکن ہوسکے گا ،آئندہ امتحانات کلاس رومز کے بجائے اوپن گرائونڈز میں منعقد کرائے جائیں گے ،تاہم اس کے لیے سیکورٹی معاملات،موبائل جیمرز اور مطلوبہ فرنیچرز اور انویجیلیٹرز کے حوالے سے 15 دن کے اندر تجاویز مرتب کرکے خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔ترجمان وزیر تعلیم سندھ کے مطابق اجلاس میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار بھی تبدیل کرتے ہوئے اسکول اور کالجز کے اوقات صبح ساڑھے 8 سے دوپہر2 بجے تک مقرر کر دیئے گئے ،جبکہ اساتذہ کو اسکول اور کالجز میں 3 بجے تک رکنے کا پابند کیا گیا ہے۔ بعدازاں میڈیا بریفنگ میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے واضح کیا کہ صوبے کے تمام اسکولز و کالجز میں تمام قومی و مذہبی دنوں کی چھٹیاں برقرار رہینگی ،لیکن ہمارے خاص قومی دنوں کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوں گی۔یوم کشمیر، یوم پاکستان ،یوم آزادی ، یوم لطیف ، یوم میلادالنبیؐ اور 11 ستمبر کو یوم قائداعظم جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان ایام میں تدریسی عمل معطل رہے گا، لیکن طلبہ کو غیر تدریسی سرگرمیوں کے ذریعے ان دنوں کی اہمیت سے متعلق آگاہی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہر 3 ماہ بعد بلایا جائے گا۔اجلاس میں سیکریٹری اسکولز قاضی شاہد پرویز،سیکریٹری کالجز پرویز سیہڑ، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن ناہید شاہ، ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ ایولیوشن ،ڈی جی (کالجز) سندھ،ڈی جی پی آئی ٹی ای شہید بینظیرآباد،تمام ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن، ایجوکیشن بورڈز کے چیئرمینز،آر ایس یو کے چیف پروگرام منیجر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔