جھرلو سے الیکشن جیتنے والی حسینہ واجد کو تھپکی سے مغرب بے نقاب

0

واشنگٹن(امت نیوز)جھرلو الیکشن سے جیتنے والی حسینہ واجد کو تھپکی سے مغرب ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے ۔ امریکہ ، برطانیہ و یورپی یونین نے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دینے کے باوجود بھارت نواز حسینہ واجد حکومت کو حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔امریکہ ، برطانیہ و یورپی یونین نے بنگلہ دیش کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں و اس کے رہنماؤں کو ڈرایا و دھمکایا جاتا رہا اور انہیں آزادانہ ماحول فراہم نہیں کیا گیا تاہم الیکشن میں تمام جماعتوں کی شرکت خوش آئندہے ۔بنگلہ دیشی الیکشن کمیشن دھاندلی کی اطلاعات کی تحقیقات کرے ۔بنگلہ دیش میں30 دسمبر کو عام انتخابات میں دھاندلی پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالا ڈینونے کہا کہ پولنگ کے دوران بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں نے نام نہاد انتخابات کو مشکوک بنا دیا ہے۔ہمیں دھاندلی کی اطلاع پر شدید تشویش ہے۔ اپوزیشن کو ڈرایا دھمکایا جاتا رہا ہے۔بنگلہ دیش کے تمام فریقوں کو وارننگ دیتے ہیں کہ تشدد سے باز رہے۔دریں اثنا ایک بیان میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بنگلہ دیشی الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ وہ تمام فریقین کے ساتھ مل کر انتخابی دھاندلی کے دعوؤں کے حوالے سے مثبت کام کرے ۔ترجمان نے بنگلہ دیش کی اقتصادی ترقی ،جمہوریت وانسانی حقوق کیلئے احترام کی وجہ سے امریکہ عوامی لیگ کی حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی دباؤ پر بنگلہ دیش کے الیکشن کمشنر نے 7سیٹوں پر بی این پی کو کامیاب قرار دیا ہے جبکہ دھاندلی و بے ضابطگی پر محض 16پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج روکے ہیں۔یورپی یونین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کرائے۔ عوام کے مفاد میں بنگلہ دیشی حکومت کی حمایت جاری رکھی جائے گی ۔جمہوریت،انسانی حقوق،بنیادی آزادیوں کیلئے پیشرفت جاری رکھے۔برطانوی وزیر مملکت برائے ایشیا و بحر الکاہل مارک فیلڈ نےاپنے ایک بیان میں بنگلہ دیش کے انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی شرکت کاخیر مقدم کرتے ہوئے انتخابی عمل میں اپوزیشن کو پیش آنے والی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔برطانیہ لوگوں کی خوشحالی ،ملکی استحکام اور جمہوری مستقبل کیلئے بنگلہ دیشی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More