ٹھیکوں میں شفافیت کے سوال پر واؤڈاآگ بگولہ

0

اسلام آباد(نمائندہ امت ؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا بدھ کو حکومت کی جانب سے ایل این جی اور مہمند ڈیم ٹھیکوں میں شفافیت کے سوال پر آگ بگولہ ہو گئے ۔بدتمیزی پر صحافیوں نے وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا جس پر فیصل واوڈا معذرت کرتے رہ گئے جسے صحافیوں نے قبول نہیں کیا ۔ بدھ کو کابینہ اجلاس کے بعد فیصل واوڈا پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ انگریزی اخبار سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی خلیق کیانی نے ان سے ایل این جی کنٹریکٹ اور مہمند ڈیم ٹھیکے میں شفافیت سے متعلق ایک سوال کیا جس پر واوڈا کر آگ بگولہ ہوگئے۔انہوں نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے ادارے سے اسی سوال کی امید کر رہا تھا۔ آپ بزرگ ہیں، آپ کی جگہ آپ کے ادارے کا دوسرا نمائندہ ہوتا تو میں یہ مائیک اٹھا کر سائیڈ میں رکھ دیتا۔فیصل واوڈا کے غیر مہذب رویے پر وہاں موجود صحافیوں نے وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا۔صورت حال بے قابو ہوئی تو فیصل واوڈا نے صحافیوں سے کہا کہ خلیق کیانی میرے بزرگ ہیں۔میں ان سے معافی مانگتا ہوں۔ صحافی واوڈا کی معذرت قبول بغیر احتجاج کرتے ہوئے ہال سے باہر نکل گئے۔صحافی کے سوال سے قبل وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں خط کے ذریعے طلبی پر بھی سیخ پا ہوگئے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کسی ملزم کو جوابدہ نہیں ہوں، وہ پہلے اپنا حساب دیں، ایک دن کے نوٹس پر میں اور میری وزارت کا کوئی افسر پی اے سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نوٹس آسمانی فرمان نہیں، شہباز شریف کمیٹی میں صرف ڈرامہ بازی اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں لیکن ہم انہیں یہ ڈرامہ نہیں کرنے دیں گے۔دو، چار افراد کی گفتگو، خبروں یا سوشل میڈیا کی وجہ سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More