سڈنی ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا کا حال برا
سڈنی(امت نیوز) چیتشوار پوجارا اور میانک اگروال کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنالئے، چیتشوار پوجارا نے اپنی عمدہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ناقابل شکست 130 رنز بنائے، میانک اگروال 77 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پہلی وکٹ 10 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہونے کے بعد میانک اگروال نے چیتشوار پوجارا کے ساتھ ملکر انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرکے دوسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 116 رنز بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی۔ چیتشوار پوجارا ناقابل شکست 130 رنز کے ساتھ اور ویہاری 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزلووڈ نے 2 جبکہ نیتھن لیون اور مچل سٹارک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جمعرات کو سڈنی میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار میچوں کی سیریز کا چوتھا اور آخری میچ شروع ہوا تو بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت کی طرف سے میانک اگروال اور راہول نے اننگز کا آغاز کیا۔ بھارتی ٹیم کی پہلی وکٹ 10 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئی جب راہول 9 رنز بناکر جوش ہیزلووڈ کی گیند پر مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔