پروڈکشن اخراجات پر فرنچائزز اور بورڈ میں ٹھن گئی
کراچی(امت نیوز) پی ایس ایل پروڈکشن اخراجات پر فرنچائزز اور بورڈ میں ٹھن گئی ٹیم مالکان نے گورننگ کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کیلیے خط لکھ دیا۔ان کے مطابق 12 ملین ڈالر میں سے اگر5.1 پروڈکشن اخراجات کے منہا ہو گئے تو ان کو کیا حصہ ملے گا، انھوں نے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ وہ خود یہ اخراجات برداشت کرے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ پی ایس ایل براڈکاسٹ رائٹس 36 ملین ڈالرکے عوض فروخت کیے، ابتدائی تین سال کے مقابلے میں یہ358 فیصد زائد رقم ہے، فرنچائزز بھی اس پر بیحد خوش ہوئیں کیونکہ85 فیصد حصہ انہی کو ملنا اور آمدنی کا بڑا انحصار اسی پر ہے، البتہ جب بورڈ نے یہ بتایا کہ اس بار پروڈکشن کے اخراجات میں اضافہ ہوگیا تو اونرز کی خوشی مایوسی میں بدلنے لگی۔یہ رقم فرنچائزز کے منافع سے ہی لی جاتی ہے، ائندہ برس کیلیے تخمینہ5.1ملین ڈالر سامنے آگیا، یوں12 ملین کا بڑا حصہ پروڈکشن اخراجات میں ہی نکل جائے گا۔