نیب کو حکومت کے کیس نظر نہیں آتے-اسفندیار

0

پشاور(نمائندہ امت)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ نیب کو حکومت کے کیس نظر نہیں آتے۔ جس کیس میں پی ٹی آئی اور حکومت کے وزیر ملوث ہوں وہ کیس نیب کی نظروں سے اوجھل ہوجاتا ہے۔ تھنک ٹینک اجلاس کے بعد بلورہاؤس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سندھ کی منتخب حکومت کی تذلیل کی گئی ہے۔ جس طرح تضحیک ایک منتخب حکومت کی گئی اسی طرح تضحیک عمران خان کی بھی دیکھ رہا ہوں۔سندھ میں وفاق کی جانب سے فنڈز کے خرچ کرنے کا بیان مضحکہ خیز اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔طاہر داوڑ کیس کے حوالے سے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ شہید طاہرداوڑ کی انکوائری رپورٹ وزیراعظم کی میز پر پڑی ہے لیکن اس کے باوجود بھی عوام کے ساتھ شیئر نہیں کی جارہی۔ اسی طرح راؤ انوار کی مدت ملازمت پوری ہوگئی لیکن شہید نقیب اللہ محسود کو انصاف نہ مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد ہوتا تو طاہر داوڑ، نقیب اللہ محسود اور ہارون بلور کی شہادت کے واقعات رونما نہ ہوتے۔اسفندیار ولی خان نے ایک بار پھر عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں دم ہے تو میری ملائیشیا اور دبئی کی جائیدادیں منظرعام پر لے آئیں یا اس جھوٹی کہانی اور جھوٹے الزامات پر عوام اور اے این پی کارکنان سے معافی مانگیں۔ ملک میں رواں احتساب کے حوالے سے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ جس طرح منی ٹریل حسن اور حسین نواز سے مانگی گئی وہی فارمولا عمران خان کی بہن علیمہ خان اور علیم خان پر بھی لاگو کیا جائے۔ احتساب کے نام پر حزب اختلاف کو ختم کرنے کی کوشش منصوبہ بندی کے تحت کی جارہی ہے۔ ملک میں سول مارشل لاء نافذ ہوچکا ہے۔

پشاور(امت نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ جب بھی کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہیں اپوزیشن چیخیں مارنا شروع کردیتی ہے۔اسفندیار ولی سندھ کے عوام کی فکر چھوڑ دیں اور بتائیں کہ ایزی لوڈ کے ذریعے پختونوں کو کیوں بدنام کیا۔ڈیموں کے خلاف سازشیں ناکام بنائیں گے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ میرٹ پر ہوا ہے کرپشن کرنے والے ایک دوسرے کی حمایت کرنے لگے ہیں وہ کو ہاٹ پریس کلب کے وفد اور ریڈیو میرانشاہ کے پروگرام’’ وزیرستان آج اور کل ‘‘میں گفتگو کررہے تھے۔مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش صحافیوں کے وفد کی قیادت کر رہے تھے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو دنیا کا نمبر ون ملک بنانا چاہتے ہیں جس میں زرداری اسفند یار ولی اور نواز شریف جیسے کرپٹ سیاستدانوں کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کاروائی کی جائے تو تکلیف زرداری کو ہوتی ہے اور زرداری کے خلاف کاروائی ہو تو اسفندیار ولی کو تکلیف ہو تی ہے ان سب کو ایک ہی جیل میں ڈال دینا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیرستان سے بدامنی کا خاتمہ ہوچکا ہے اور اب یہاں تعمیر و ترقی کا دور شروع ہوا ہے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر ترقیاتی علاقوں کے ہم پلہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں انھوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی پر سو ارب روپے خرچ کیے جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق قبائلی اضلاع کے ہر تحصیل میں اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کیے جائیں گے۔ انضمام کے ثمرات کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ریڈیومیرانشاہ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اسی سال کے اوائل تک وزیراعظم عمران خان کی اعلان کے روشنی میں وزیرستان میں موبائل سروس فعال کیا جائے گا تاکہ عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جا سکے وزیراعظم نے تمام صوبائی وزرا کو بھی ہدایت کی ہے کہ تمام قبائلی اضلاع کے دورے کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے علاقے میں امن و امان قائم کیا اور اب عوام کو چاہیے کہ امن کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تمام قبائلی اضلاع میں ریڈیو سٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ علاقے کی عوام کو معلومات تک رسائی اور تعمیروترقی سے مسلسل آگاہ کیا جاسکے۔ کوہاٹ سے آئے ہوئے صحافیوں کو یقین دلاتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوہاٹ میں میڈیا کالونی پر کام تیز کیا جائے گا اور اس کی راہ میں رکاوٹیں جلد ختم کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے جمہوریت کی بحالی اور اداروں کے استحکام کے لیے بڑی جدوجہد کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More