نوازشریف نے اعتراضات دور کرکے دوبارہ اپیل دائرکردی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف نے رجسٹرار کے اعتراضات دور کرکے سزا معطلی کی اپیل دائر کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کے وکلا نے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے میں سنائی گئی سزا معطل کرنے کے لیے درخواست دوبارہ دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل اپیل کا فیصلہ آنے تک سزا معطل کی جائے۔ نواز شریف نے منگل کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی لیکن گزشتہ روز رجسٹرار آفس نے درخواست نامکمل قرار دے کر واپس کردی تھی اور وکلا کو ہدایت کی تھی کہ درخواست مکمل کرکے دوبارہ جمع کرائیں۔نواز شریف نے درخواست میں چیئرمین نیب، احتساب عدالت کے جج اور کوٹ لکھپت جیل لاہور کے سپرنٹنڈنٹ کو فریق بناتے ہوئے اپیلوں کی سماعت کے دوران عدالت میں پیشی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔