بیوٹی پارلر کے باہر جوڑا لٹ گیا – معمار میں دکاندار قتل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن معمار میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر دکاندار کو قتل کردیا۔ کورنگی میں ملزمان نے بیوٹی پارلر کے باہر میاں بیوی کو لوٹ لیا، جس کی فوٹیج منظر عام پر آگئی، جبکہ ناظم آباد پیٹرول پمپ سے متصل ڈاکٹرز پلازہ پر تالا توڑ گروپ نے دھاوا بول کر درجن سے زائد دفاتر کا صفایا کردیا۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے گلشن معمار میں مدرسے کے قریب دودھ کی دکان پر جمعرات کی صبح 3ملزمان نے دھاو ا بول دیا اور دکاندار کو یرغمال بناکر لوٹ مار کی کوشش کی۔ دکاندار کی مزاحمت پر ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔زخمی کو اسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں مقتول کی شناخت 40سالہ اکبر ولد رحمت علی کے نام سے کی گئی ، جو احسن آباد کا رہائشی تھا ۔ملزمان کچھ لوٹے بنا ہی فرار ہوگئے تھے ۔کورنگی کے علاقے پی این ٹی کالونی میں بیوٹی پارلر سے نکلنے والی خاتون اور اس کے شوہر سے نامعلوم ملزمان اسلحے کے زور پر25ہزار روپے ، خاتون کا پرس اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2ملزمان میں سے ایک ملزم جو پینٹ شرٹ میں ملبوس ہے نے اسلحہ کے زور پر پہلے شوہر سے رقم لوٹی، پھر گاڑی میں بیٹھی اس کی اہلیہ کے پاس جاکر اس کا پرس چھینا اور بآسانی فرار ہوگئے۔قبل ازیں ناظم آباد کے علاقے پیٹرول پمپ اسٹاپ عیدگاہ گراؤنڈ سے متصل ڈاکٹرز پلازہ میں بدھ و جمعرات کی درمیانی شب 5نامعلوم ملزمان نے گھس کر دفاتر کے تالے توڑ کر نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا۔جمعرات کی صبح ملازمین نے تالے ٹوٹے ہوئے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ایس ایچ او حسن حیدر نے بتایا کہ واردات رات 2سے 3بجے کے درمیان کی گئی ہے ۔نامعلوم ملزمان نے دفاتر کے تالے توڑے ہیں، تاہم لوٹ مار کے حوالے سے شواہد نہیں ملے۔انہوں نے مزید کہا کہ چوکیدار کو حراست میں لے لیا ہے۔ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ واردات میں کوئی قریبی شخص ملوث ہے ، کیونکہ عمارت میں داخلے کا دروازہ اندر سے بند تھا جو کھولا گیا ہے۔اس کے تالے نہیں ٹوٹے ہیں۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے، جس میں ملزمان کو تالے توڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دفاتر کے مالکان کی جانب سے نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ دوسری جانب آئی جی ڈاکٹر کلیم امام نے ڈاکٹرز پلازہ میں نقب زنی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔