اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد پر تنقید حکومتی ترجمان کو مہنگی پڑ گئی، حکومتی ترجمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ معاشی ماہر ڈاکٹر فرخ سلیم کو معاشی امور پر حکومتی ترجمان کے عہدے سے ہٹانے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی کمپنی ڈیسکون کو مہمند ڈیم کا ٹھیکہ دیئے جانے پر تنقید کی تھی۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بدھ اور جمعرات کی درمیان شب 11 بجے کے لگ بھگ ایک ٹویٹ کے ذریعے فرخ سلیم کے حکومتی ترجمان نہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد خبریں پھیل گئیں کہ فرخ سلیم کو معاشی پالیسیوں اور رزاق داؤد پر تنقید کے باعث ہٹایا گیا، کیونکہ انہوں نے یہ کہا ہے کہ حکومت اپنی معاشی پالیسیوں کے ذریعے بیماری کا علاج نہیں کر رہی ہے بلکہ بیماری کو چھپا رہی ہے۔ فرخ سلیم نے دو جنوری کو اس معاملے پر دو ٹویٹس کی تھیں۔ ان میں سے ایک دراصل ابوذر سلمان نیازی کی ٹویٹ پر ری ٹویٹ تھی جس میں کہا گیا ہے کہ عبدالرزاق داؤد ڈیسکون سے مستعفی ہوگئے ہوں گے لیکن کمپنی ان کے قریبی خاندان کے پاس ہے لہٰذا شکوک و شبہات تو اٹھیں گے۔ دوسری ٹویٹ میں فرخ سلیم نے مفادات کے تصادم کی تعریف بیان کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا، ’’مفادات کا تصادم۔ ایک ایسی صورتحال جس میں ایک شخص اپنی سرکاری حیثیت میں کیے گئے فیصلوں سے فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق داؤد کے بارے میں بات کرنا ہی ڈاکٹر فرخ سلیم کو مہنگا پڑا، حالانکہ اس سے قبل کئی ایسے مواقع تھے جہاں ان کی وجہ سے بظاہر حکومت کو خفت کو سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان میں سے ایک موقع ٹی وی میزبان شاہ زیب خانزادہ کے پروگرام میں 50 لاکھ گھروں کے معاملے پر حکومتی پالیسی کا مؤثر دفاع نہ کرنا بھی تھا۔ ذرائع کے مطابق عبدالرزاق داؤد کے خلاف وزیراعظم اپنے قریبی دوست کراچی کے بعض بڑے تاجروں کی بات سننا بھی پسند نہیں کرتے۔ فرخ سلیم کے معاملے پر فواد چوہدری نے مسلم لیگ(ن) کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی سخت جواب دیا۔ مفتاح اسماعیل نے ٹویٹر پر توجہ دلائی کہ فرخ سلیم اپنے مضامین کے آخر میں خود کو حکومتی ترجمان لکھتے رہے ہیں۔ جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگر آپ اپنی پالیسیوں کو واضح ہوتے تو پاکستانی معیشت اتنی خراب نہ ہوتی جتنی آپ چھوڑ گئے تھے۔ فواد چوہدری نے ٹویٹر پر مزید وضاحت کی کہ فرخ سلیم کو ترجمان مقرر کرنے کا ارادہ تھا لیکن وزیراعظم کی جانب سے تقرریوں پر پابندی کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا. فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بات کی وضاحت انہوں ںے 11 دسمبر کو قبل معید پیرزادہ کے ٹی وی پروگرام میں بھی کر دی تھی۔ انہوں نے پروگرام کے مذکورہ حصے کا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ فرخ سلیم کو معاشی امور پر ترجمان مقرر کیا تھا تاہم اسے سرکاری حیثیت نہیں دی جاسکی۔