سیف عباس کی ضمانتوں سے متعلق متفرق درخواتیں مسترد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پلاٹوں کی غیرقانونی فروخت اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں سابق ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر کے ایم سی سیف عباس و یگر کی درخواست ضمانتوں کی فوری سماعتوں کی متفرق درخواستیں مسترد کردیں ،فاضل عدالت نے مذکورہ درخواستوں کی سماعت28جنوری مقرر کی ہے۔ جمعے کو جسٹس خادم حسین تنیو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے ضمانتوں کی فوری سماعتوں کی متفرق درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر نیب حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سیف عباس اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے معاملہ ہیڈکوارٹر بھیج دیا گیا ہے اور سیف عباس کے ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر بھی رہے جبکہ درخواست گزار سیف عباس 265ایکڑ کے 300پلاٹوں کی غیر قانونی فروخت اور لیز میں ملوث ہیں۔علاوہ ازیں اسی بینچ نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) کرپشن کیس میں امین قاسم دادا کی سزا معطلی کے لیے دائر درخواست پراسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نیب کو 14جنوری تک نوٹس جاری کردئیے۔ ایک اور درخواست میں سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ صفورا اور چوہدری اسلم سمیت دیگر دہشت گردی کی وارداتوں میں سزا یافتہ مجرم محمد فاروق بھٹی کے علاج و معالجے سے متعلق دائر درخواست پر جیل حکام کو 21جنوری تک نوٹس جاری کردئیے۔