قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف لاڑکانہ میں دھرنا
لاڑکانہ(نمائندہ امت) شکارپور کےعلاقے ڈکن تھانہ کی حدود میں پیسوں کے لین دین پر قتل کیے گئے نوجوان غریبو جتوئی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف تھانہ گاؤں علی جتوئی کے مکینوں نے لاڑکانہ خیرپور روڈ پر دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی۔ دونوں اطراف سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،جس کے باعث مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر مقتول کے ورثا کا کہنا تھا کہ مقتول غریبو جتوئی کی لاش کو پولیس نے مبینہ طور پر ڈکن تھانہ کی حدود میں ملزمان کی زمین سے برآمد کیا تھا واقع کا مقدمہ ہٹڑی غلام شاہ تھانہ پر4 نامزد ملزمان کے خلاف درج ہے تاہم ڈیڈھ ماہ گذر جانے کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ مظاہرین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔