جیکب آباد میں 7 اتائیوں کی دکانیں سیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے جعلی کلینکس اور اتائیوں کے خلاف سندھ کے چار اضلاع میں بھرپور کارروائی شروع کردی ہے ۔ پہلے روز جیکب آباد شہر میں انسانی زندگی سے کھیلنے والے 7 اتائیوں کی دکانیں کو سیل اور 14 دیگر کو وارننگ جاری کردی گئیں۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے انسداد اتائی ڈائریکٹیوریٹ نے کراچی کے بعد اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور پہلے مرحلے میں سندھ کے چار اضلاع جن میں جیکب آباد ، میرپور خاص ، ٹنڈواللہ یار او ربدین شامل ہیں۔ ان کے مختلف علاقوں میں کارروائی شروع کر دی گئی ہیں۔اتائیوں کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کی قیادت انسداد اتائی ڈائریکٹیوریٹ کے ڈائریکٹر ایاز مصطفی کررہے ہیں۔ پہلے روز ہیلتھ کئیر کمیشن کی ٹیم نے جیکب آباد کی23سے زائد کلینکس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹروں کی اسناد کو دیکھنے کے بعد ان میں سے 7کلینکس کو اتائی چلا رہے تھے ، جس پر ان کلینکس کو فوری طور پر سیل کردیا گیا ، جبکہ اس دوران دو اتائی موقع سے فرار ہوگئے۔ ڈائریکٹر ایاز مصطفی نے14 دیگر ڈاکٹروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ وہ جلد سے جلد اپنی دکانوں کو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ کروائیں۔سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مہناج اے قدوائی نے کہا کہ اتائیوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہے گا ، جیکب آباد کے بعد آئندہ چند یوم میں میرپور خاص، ٹنڈواللہ یاراور بدین میں بھی اتائیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی جائے گی۔