7کروڑ کا سامان کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
حیدرآباد(بیورو رپورٹ) ہٹڑی بائی پاس پر کسٹم انٹیلی جنس نے کارروائی کرکے 7کروڑ روپے مالیت کا نان ڈیوٹی پیڈ غیرملکی کپڑا ، انڈین گٹکا، اسمگل شدہ ٹائر اور دیگر سامان 4 گاڑیوں سمیت اپنی تحویل میں لے کر 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔کسٹم انٹیلی جنس حیدرآباد نے مخفی اطلاع پر ہٹڑی بائی پاس کے قریب کارروائی کرکے 2ٹرک اور 2ڈاٹسن گاڑیاں اپنی تحویل میں لے لیں جن میں ایرانی کراکری، افغانی کپڑا ، انڈین چھالیہ و گٹکا اور اسمگل شدہ چائے کراچی لے جائی جارہی تھی، کسٹم انٹیلی جنس حکام نے 2ڈرائیوروں کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ کسٹم انٹیلی جنس انسپکٹر محمد شفیق کا کہنا ہے کہ مذکورہ سامان کی اسمگلنگ کرنے والا منظم گروہ ہے جو کافی عرصے سے غیرملکی اشیاکی اسمگلنگ کررہا تھا، تفتیش کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جائےگا اور ان کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں گے۔