ترکش معارف فاؤنڈیشن نے پاک ترک سکولز کا چارج سنبھال لیا
اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان میں قائم پاک ترک سکولز کا چارج ترکی کی معارف فاؤنڈیشن نے سنبھال لیا ہے اور اس موقع پر اپنے ایک بیان میں فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ ہم ان سکولز میں تعلیم کا معیار مزید بہتر بناتے ہوئے فیسوں میں 20فیصد کمی کریں گے۔یاد رہے کہ یہ سکولز فتح اللہ گولن کے نیٹ ورک نے پاکستان میں قائم کئے تھے مگر بعدازاں ترکی اور پاکستان دونوں کی طرف سے اس نیٹ ورک کو دہشتگرد قرار دیے جانے کے بعد اب ان سکولوں کا انتظام ترک معارف فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کے 4,5جنوری کے دورہ ترکی میں بھی اس نیٹ ورک کو دہشتگرد قرار دینے پر اتفاق ہوا۔فاؤنڈیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قابل طلباء وطالبات کو مفت تعلیم اور 75،50اور25فیصدسکالرشپ بھی دی جائیں گی۔یتیم اور غریب مگر لائق طلباء وطالبات کے لئے کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ترکی میں مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے جو ڈاکٹریٹ لیول تک سکالر شپ پر ہوں گے۔فاؤنڈیشن کے تمام سکولوں کے طلباء وطالبات کو ترکی کی سرکاری یونیورسٹیوں میں ٹیوشن فیس معاف ہوگی۔سکولوں میں جدید تعلیمی آلات اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔