بھارتی عدالت نے ارب پتی تاجر وجے مالیا کو اشتہاری قرار دیدیا
نئی دلی(امت نیوز)ممبئی کی ایک عدالت نےحال ہی میں بنائےگئے قانون کے تحت بزنس ٹائیکون 62 سالہ وجے مالیا کو معاشی جرائم میں اشتہاری قرار دیدیا ہے ۔عدالتی اقدام کی وجہ سے وجے مالیا کی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کئے جانے کی راہ ہموار ہو گئی ۔بھارت میں حکومت نے حال ہی میں ایک قانون منظور کیا ہے جس کے نتیجے میں اسے معاشی جرائم میں ملوث افراد کی ایک ارب روپےکے اثاثے ضبط کرنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے ۔اسی قانون کے تحت معاشی جرائم کیخلاف کام کرنے والے بھارتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس ضمن میں عدالت سے وجے مالیا کو اشتہاری قرار دینے اور اس کے 125 ارب روپے مالیت کےاثاثوں کو ضبط کرنے کی استدعا کر رکھی ہے ۔وجے مالیا اس ضمن میں اشتہاری قرار پانے والے بھارتی ہیں۔وجے مالیا2016 میں اپنی فضائی کمپنی کنگ فشر ایئر لائنز کے دیوالیہ ہونے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہے اور بھارتی حکومت برطانیہ سے اس کی حوالگی کیلئے کوشش کر رہی ہے ۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وجے مالیا کنگ فشر ایئر لائنز کیلئے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر مالیت کے قرضے لئے تھے اور اب وہ یہ رقم نہیں لوٹانا چاہتا۔