پشاور میں آئس فیکٹری پکڑی گئی-4گرفتار
پشاور(نمائندہ امت)پشاور پولیس نے نوجوان نسل کو آئس جیسے مضر صحت اور تباہ کن نشہ سے بچانے کی خاطر خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران وفاقی سویلین ادارے کی معاونت سے شہر میں قائم آئس فیکٹری سیل کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او پشاور قاضی جمیل الرحمان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ شہر کے نواحی علاقہ قاضی کلے میں چند مشکوک افراد منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں ۔اطلاع پر ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال کی سربراہی میں ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈا پور ‘ اے ایس پی فقیر آباد محمد شعیب اور ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد وارث خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ۔ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال کی سربراہی میں سفید کپڑوں میں ملبوس خصوصی ٹیم تعینات کی گئی جنہوں نے مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھتے ہوئے علاقے میں موجود آئس اور دیگر نشہ آور اشیاء تیار کرنے کی فیکٹری کا سراغ لگا لیا منشیات فیکٹری کے خلاف کارروائی کے دوران وفاقی سویلین ادارے کی معاونت بھی حاصل رہی جبکہ گزشتہ روز کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اے ایس پی محمد شعیب کی نگرانی میں فیکٹری پر چھاپہ مار کر وہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی پندرہ کلو گرام آئس ‘ 7 ہزار 3 سو سے زائد نشہ آور انجکشن ‘ 50 ہزار کے قریب نشے کی گولیاں ‘ 4 کلو گرام چرس ‘ دو ہزار سے زائد انجکشن کی خالی بوتلیں برآمد کرلیں جبکہ منشیات تیار کرنیوالی فیکٹری میں موجود اوزار ‘ سامان ‘ مشینری برآمد کر کے چار ملزمان کو گرفتار کر کے فیکٹری کو سیل کردیا ۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں ماصل خان ولد میر ویس سکنہ پڑانگ چارسدہ حال سردار احمد جان کالونی ‘ مراد ولد اجمل سکنہ سر دریاب ‘ ہمایون ولد عبد الرزاق سکنہ بخشو پل اور عمران ولد عبد الرب نشتر سکنہ لنڈی کوتل شامل ہیں ۔ ملزمان نے تفتیش کے دوران منشیات تیار کر کے ملک کے دیگر شہروں سمیت بیرون ملک سمگل کر نے کا بھی انکشاف کرتے ہوئے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری کیلئے بھی مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔