ارزگان میں امریکی فرینڈلی بمباری سے متعدد پولیس اہلکار ہلاک
پشاور(نمائندہ خصوصی)افغانستان کے جنوب مشرقی صوبہ ارزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ کے قریب امریکی فوج کی بمباری سے متعدد پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ۔ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراکچی مذاکرات کیلئے کابل پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے جنوب مشرقی صوبہ ارزگان کے دارالحکومت ترین کوٹ کے قریب کوٹ والو کے علاقے پر حملہ کر دیا جس کے بعد امریکی فضائیہ حرکت میں آگئی اور انہوں نے طالبان کے بجائے افغان پولیس اہلکاروں کی کئی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس میں متعدد پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ۔افغان حکومت نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے ۔دوسری جانب افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لئے ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراکچی کابل پہنچ گئے ہیں ۔ایک ہفتے میں عبا س عراکچی کا یہ دوسرا دورہ ہے ۔عباس عراکچی نے افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی اور افغان چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے طالبان کے ساتھ حالیہ ملاقات سے افغان حکومت کو آگاہ کیا ہے ۔