اسلام آباد(نمائندہ امت ) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اعظم سواتی کا استعفیٰ ایک ماہ گزرنے کے باوجود منظور نہ کئے جانے کا انکشاف ہواہے۔قومی اسمبلی اور کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر اعظم سواتی کا نام بطور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی موجود ہے۔سرکاری اداروں کی سائٹس پر اعظم سواتی کانام وزیر کے طور پر موجود ہونے کا مطلب استعفیٰ منظور نہ کئے جانا سمجھا جا رہا ہے ۔اسلام آباد میں اعظم سواتی کا استعفیٰ منظور ہونے یا نہ ہونے کی بحث زوروں پرہے اور یہ کہ ابتک اعظم سواتی کی سبکدوشی کا نوٹی فکیشن کیوں سامنے نہیں آیا۔اعظم سواتی نے ایک ماہ قبل وزیراعظم سے ملاقات میں استعفیٰ دیا تھا۔وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ عمران خان نے اعظم سواتی کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ذرائع کےمطابق آئندہ ہفتے سماعت میں اعظم سواتی کو کلین چٹ ملنے کی امید کی وجہ سے کابینہ ڈویژن نے اعظم سواتی کو اب تک ڈی نوٹیفائی نہیں کیاگیا ۔کابینہ ڈویژن وزیراعظم کی جانب سے استعفے کی منظوری کی دستاویز ملنے پر ہی اعظم سواتی سے وزارت واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر افتخار درانی کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کا استعفیٰ منظور نہ ہونے کی خبر درست نہیں۔