ڈکیتی واردات میں 3شہریوں کو زخمی کرنیوالے 3ملزم گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رینجرز نے دو ہفتے قبل ماڈل کالونی میں ڈکیتی واردات کے دوران 3افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے 3ملزمان میں سے 2کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان کے مطابق 20 دسمبر کو ماڈل کالونی میں ڈکیتی واردات میں 3 افراد سید احسن ، اسد اعوان اور مظہر زخمی ہوگئے تھے واقعہ کے بعد رینجرز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی جس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ماڈل کالونی سے 3 ملزمان نجم ثاقب عرف مانی ، واصف عرف سونو اور محمد بلال عرف پراٹھا کو حراست میں لیا جو مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔تفتیش کے دوران نجم ثاقب اور واصف نے انکشاف کیا کہ ان کا سید احسن کے ساتھ ذاتی تنازعہ تھا جس پر ہم نے بلال عرف پراٹھا اور اس کے ساتھی کو احسن کو زخمی کرنے کی ذمہ داری سو نپی ۔ بلال پراٹھا اور اس کے ساتھی نے سید احسن کا تعاقب کیا اور گھر پہنچتے ہی انکی گاڑی کو روکا ، ملزمان نے احسن اور گاڑی میں سوار اسد اعوان سے 4 لاکھ 80 ہزار روپے چھیننے کے بعد دونوں کو زخمی کر دیا ، واردات کے بعد راستے میں ایک شہری مظہر نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے اسے بھی فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا جس کی رینجرز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی تھیں ، ملزم بلال واقردات کے بعد اسلام آباد فرارہو گیا جسے واپسی پرگرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی تاحال مفرور ہے –